ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چندا کوچر اور ان کے شوہر دیپک کوچر کو اسپیشل کورٹ نے 3 دنوں کے لیے سی بی آئی ریمانڈ میں بھیجا

چندا کوچر اور ان کے شوہر دیپک کوچر کو اسپیشل کورٹ نے 3 دنوں کے لیے سی بی آئی ریمانڈ میں بھیجا

Sat, 24 Dec 2022 22:31:51    S.O. News Service

نئی دہلی، 24؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) ویڈیوکون قرض معاملہ میں گرفتار آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق چیف ایگزیکٹیو افسر اور منیجنگ ڈائریکٹر چندا کوچر کے ساتھ ساتھ دیپک کوچر کو بھی آج سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے دونوں کو ہی تین دنوں کے لیے سی بی آئی ریمانڈ میں بھیجنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ یعنی چندا کوچر اور دیپک کوچر 26 دسمبر تک سی بی آئی کے حوالے کر دیئے گئے ہیں۔

دراصل عدالت میں سماعت کے دوران سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ "ہم نے چندا کوچر اور دیپک کوچر کو نوٹس بھیجا تھا۔ اس کے باوجود بھی وہ جانچ میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔" سی بی آئی نے عدالت سے دونوں ملزمین کے لیے پولیس حراست کی مانگ کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ ایک دن قبل ہی چندا کوچر اور ان کے شوہر دیپک کوچر کو دہلی سے ممبئی لایا گیا تھا۔

سی بی آئی کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ ویڈیوکون کو قرض دینے کی وجہ سے آئی سی آئی سی آئی بینک کو 1730 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔ چندا کوچر کے آئی سی آئی سی آئی بینک میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ویڈیوکون کی الگ الگ چھ کمپنیوں کو قرض دیئے گئے۔ ان میں سے دو قرض ان کمیٹیوں نے دیئے جن میں چندا کوچر رکن تھیں۔ وکیل نے الزام عائد کیا کہ چندا کوچر نے ویڈیوکون گروپ کو قرض دینے کے معاملے میں دیگر کمیٹیوں کو بھی متاثر کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ سی بی آئی نے پوچھ تاچھ کے لیے چندا کوچر اور دیپک کوچر کو جمعہ کے روز سی بی آئی ہیڈکوارٹر بلایا تھا۔ کچھ دیر چلی پوچھ تاچھ کے بعد دونوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے الزام عائد کیا کہ دونوں نے پوچھ تاچھ میں تعاون نہیں کیا اور جواب دینے میں ٹال مٹول کرتے رہے جس کی وجہ سے چندا کوچر اور دیپک کوچر کو گرفتار کیا گیا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ویڈیوکون قرض معاملے میں سی بی آئی جلد ہی چارج شیٹ داخل کر سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق چارج شیٹ میں ویڈیوکون گروپ کے وینوگوپال دھوت کے ساتھ چندا کوچر و دیپک کوچر کو بھی نامزد کیا جا سکتا ہے۔ چندا کوچر پر الزام ہے کہ انھوں نے ویڈیوکون گروپ کے پرموٹر وینوگوپال دھوت کو آنکھ بند کر کے قرض دیا۔ اس کے عوض میں مبینہ طور پر نوپاور میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔


Share: